لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو مستعفی ہونے سے روک دیا گیا، مراد علی شاہ کی کام جاری رکھنے کی ہدایت

لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو مستعفی ہونے سے روک دیا گیا، مراد علی شاہ کی کام جاری رکھنے کی ہدایت

کراچی: سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسین مہدی کا استعفا مسترد کرتے ہوئے انہیں عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے جمعے کی صبح وزیراعلیٰ ہاؤس میں وائس چانسلر ڈاکٹر حسین مہدی سے ملاقات کی، جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے لیاری یونیورسٹی کی مجموعی صورتحال اور انتظامی معاملات پر وائس چانسلر کا مؤقف تفصیل سے سنا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں یونیورسٹی کی بہتری کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ گھوسٹ ملازمین سمیت مختلف معاملات میں کارروائی اور اس حوالے سے سامنے آنے والے دباؤ کے تناظر میں ڈاکٹر حسین مہدی کو مستعفی ہونے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر حسین مہدی نے 30 ستمبر کو استعفا وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوایا تھا اور اس میں یونیورسٹی کے انتظامی معاملات میں مسلسل دباؤ اور احتجاج کا ذکر کیا تھا۔دوسری جانب یونیورسٹی ذرائع کے مطابق استعفا مسترد کیے جانے کے بعد مختلف الزامات ثابت ہونے پر برطرف کیے گئے سابق ملازمین سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق برطرف ملازمین کے احتجاج میں شریک رہنے والے بعض موجودہ ملازمین کے خلاف بھی تعلیمی ماحول برقرار رکھنے اور یونیورسٹی میں نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے تادیبی کارروائی پر غور کیا جارہا ہے۔لیاری یونیورسٹی کا تنازع ایک سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران برطرف ملازم کو اجلاس میں شامل کرنے کے معاملے سے شروع ہوا تھا، جس کے بعد ایک گروپ کی جانب سے رجسٹرار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا۔ اس معاملے پر احتجاج بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر حسین مہدی نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مسلسل دباؤ اور انتظامی معاملات میں رکاوٹوں کے باعث یونیورسٹی چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب سندھ کے وزیر جامعات اسماعیل راہو نے کہا تھا کہ حکومت یا کسی سیاسی شخصیت کی جامعات کے معاملات میں مداخلت نہیں اور استعفے پر قانون و ضابطے کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔