کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دورہ چین کے دوران مصنوعی ذہانت، مشترکہ تحقیق، اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی پہنچے، جہاں یونیورسٹی کے نائب صدر مسٹر لی اور فیکلٹی اراکین نے ان کا استقبال کیا۔وفد میں صوبائی وزرا شرجیل میمن اور جام خان شورو، معاون خصوصی قاسم نوید، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری سرمایہ کاری راجہ خرم شہزاد اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن بھی شامل تھے۔سید مراد علی شاہ نے یونیورسٹی کی ڈیجیٹل تدریسی کلاسوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈیجیٹل تعلیم کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے نائب صدر پروفیسر پینگ شوانگ جی اور پارٹی کمیٹی کے سیکریٹری مسٹر شیا لی شِن سے بھی ملاقات کی، جس میں تعلیمی تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کی جامعات اور سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ کے تبادلے، اساتذہ کی تربیت اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینے کی تجویز بھی پیش کی۔
مراد علی شاہ نے سندھ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور اسمارٹ سٹیز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ساتھ سندھ کے تعلیمی اداروں اور چینی یونیورسٹی کے درمیان چینی زبان کی تعلیم کے روابط مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم قوموں کے درمیان ایک اہم پل ہے اور پاکستانی و چینی جامعات کے روابط نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ ان کے مطابق، سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی کا تجربہ سندھ کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 60 سے زائد جامعات اور تکنیکی ادارے موجود ہیں، جہاں سے ہر سال دو لاکھ سے زائد طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ سندھ حکومت تعلیم کے شعبے میں ڈیجیٹل خواندگی، فنی تربیت اور بین الاقوامی تعاون پر توجہ دے رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی موجودہ دور کے اہم چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کو سندھ کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ و طالبات سے ملاقات بھی کی اور انہیں محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔