حکومت نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، طلال چوہدری

حکومت نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا اور ہر مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی سطح پر، پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاسوں میں متعدد مرتبہ واضح کیا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں اپوزیشن کی جانب سے یکطرفہ طور پر مذاکرات سے انکار کیا گیا۔وزیر مملکت داخلہ نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن موجودہ صورت حال میں مثبت رویہ اختیار کرے گی اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کی جائے گی۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حکومت نے اپوزیشن سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ تحریک انصاف نے بھی حکومتی مذاکرات کی پیشکش قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے امکان اور تحریک انصاف کے 4 اکتوبر کے مجوزہ احتجاج کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات برقرار رہے ہیں، تاہم دونوں جانب سے مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے کے بیانات سامنے آئے ہیں۔