سندھ میں مزید 2 بچے ریبیز کا شکار، مجموعی اموات 37 ہوگئیں

کراچی(خصوصی رپورٹ ) سندھ میں ریبیز کے باعث مزید 2 بچے انتقال کرگئے، جس کے بعد صوبے میں ریبیز سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 37 ہوگئی۔اسپتال حکام کے مطابق انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز کے باعث مزید 2 بچوں کی موت ہوئی۔ 6 سالہ بچی ابیہہ دختر نعمان ریبیز کا شکار ہوکر اسپتال پہنچی تھی، جس کا تعلق ایئرپورٹ روڈ لطیف آباد، ضلع حیدرآباد سے تھا۔حکام کے مطابق 4 سالہ بچہ وقار پسر سلطان بھی ریبیز کا شکار ہونے کے بعد انڈس اسپتال لایا گیا، بچے کا تعلق گائوں راضی خان، ضلع دادو سے تھا۔ دونوں بچوں کو ریبیز سے بچا کی ویکسین نہیں لگوائی گئی تھی۔اسپتال حکام کے مطابق انڈس اسپتال کراچی میں اب تک ریبیز سے 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ انڈس اسپتال بدین میں ایک اور جناح اسپتال کراچی میں 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق انڈس اسپتال کراچی میں سگ گزیدگی کے 14 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ جناح اور سول اسپتال کراچی میں اب تک 11، 11 ہزار ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔