ریبیز کا شکار 51 سالہ مریض میو ہسپتال میں چل بسا

بیماری آخری مرحلے میں پہنچ چکی تھی، طبی کوششوں کے باوجود مریض جانبر نہ ہو سکا
 لاہور (کرائم رپورٹر)کتے کے کاٹنے سے ریبیز میں مبتلا 51 سالہ شخص میو اسپتال میں دورانِ علاج انتقال کر گیا، جبکہ طبی ماہرین نے شہریوں کو جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق 51 سالہ فرید اللہ کو ریبیز کی علامات ظاہر ہونے پر میو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں ایسٹ میڈیکل وارڈ کے آئسولیشن یونٹ میں رکھا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بیماری آخری مرحلے میں پہنچ چکی تھی اور بھرپور طبی کوششوں کے باوجود مریض جانبر نہ ہو سکا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے یا کسی مشتبہ جانور کے کاٹنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر اچھی طرح دھونا، بلا تاخیر اینٹی ریبیز ویکسین لگوانا اور ضرورت پڑنے پر امیونوگلوبیولن استعمال کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ علامات ظاہر ہونے کے بعد ریبیز تقریباً ہمیشہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے