حکومت پی ٹی آئی مذاکرات شروع
مذاکرات کا فیصلہ صدر وزیر اعظم کی ملاقات میں ہوا،مشترکہ وفد میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ،میر مقام سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل، حکومت کی جانب سیملا قات کا پیغام موصول ہوا جسے قبول کرلیا: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،خصوصی رپورٹ) حکومت پی ٹی آئی مذاکرات شروع ہوگئے،حکومت ، پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد آج پی ٹی آئی رہنمائوں سے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں بات چیت کرے گا تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد آج پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ شریک ہوئے۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مئوثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ایوان صدر کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔مذاکرات کے لیے تشکیل دیے گئے مشترکہ وفد میں وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور امیر مقام جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہوں گے۔اس سے قبل اجلاس میں خیبرپختونخوا سے متعلق سیاسی، آئینی اور قانونی امور پر بھی غور کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ تاہم سرکاری بیان میں مذاکرات کے فیصلے اور صوبے کی امن و امان کی صورتحال سے متعلق امور کی تصدیق کی گئی ہے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سیملا قات کا پیغام موصول ہوا اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج اپوزیشن کے اجلاس میں فیصلے کی روشنی میں حکومتی پیغام کو قبول کر لیا، حکومتی اور اپوزیشن وفود کی دن 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ملاقات ہوگی. اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیاتھا ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے فون پر رابطے میں کہا کہ معاملات کو سیاسی طور پر حل کیا جائے، پارلیمنٹ میں اپوزیشن راہنمائوں کی مشاورت کے دوران ہی رانا ثناء اللہ کی کال آئی جس کے بارے میں عامر ڈوگرنے اپوزیشن راہنمائوں کو وزیراعظم ہائوس کی ملاقات اور رانا ثناء اللہ کے رابطے سے آگاہ کیا۔