فارم ہائوس بک کرانیوالے وقاص،خواتین کو لانے میں معاونت پر نرگس کو گرفتار کرلیا:پولیس
کراچی(آئی این پی )کراچی میں موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے کی انوکھی واردات میں ایونٹ آرگنائزر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے درجنوں موبائل فونز لے کر فرار ہوگیا۔تفصیل کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے میں قائم فارم ہائوس پر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین اپنے موبائل فونز سے محروم ہوگئیں۔اس حوالے سے فارم ہائوس کے منیجر اشعر انصاری نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ میرے فارم ہاوس پر ایک بکنگ ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کو آپریٹو اسٹاف میں 50 سے 55 خواتین ہوں گی۔منیجر کے مطابق بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی جو کہ فارم پر نہیں آیا تھا تاہم فارم پر آصف یا سلمان نام کا لڑکا آیا تھا اور ان کے ساتھ ایک لڑکی بھی تھی ، شام کو 5 بجے میں نے ادائیگی کرنے کا کہا جب کہ انہوں ڈیکوریشن کا سامان بھی لیا تھا اور میرا بل بھی زیادہ تھا جس پر میں نے اسے میسج کیا تو انہوں نے کہا کہ میں پہنچنے والا ہوں جس پر میں نے کیئر ٹیکر سے کہا کہ وہ پہنچنے والے ہیں ان سے ادائیگی کرو ان کا وقت پورا ہوگیا ہے۔ادھر متاثرہ خواتین میں سے ایک لڑکی نے اپنے ویڈیو بیان بتایا کہ ہمیں نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا ، اس دوران سلمان کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں وہ گاڑی میں بیٹھی خواتین کو گائیڈ کرتا نظر آرہا ہے۔دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڈاپ پولیس نے متاثرہ خواتین کے بیانات قلمبند کرکے مقدمہ درج کرلیا اور کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاس بک کرانے والے وقاص اور خواتین کو وہاں لانے تک میں معاونت کرنے والی خاتون نرگس کو گرفتار کرلیا جب کہ سلمان کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔