پاکستان کا مجموعی سرکاری قرض86کھرب72ارب روپے تک پہنچ گیا

سرکاری قرض کا حجم  70.6 فیصد سے کم ہوکر 68.3 فیصد رہ گیا‘بیرونی سرکاری قرض 6.8 فیصد اضافے سے 98.075 ارب ڈالر ہوگیا
اسلام آباد (آن لائن) وزارت خزانہ نے مالی سال 2026 کی سالانہ ڈیبٹ ریویو رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق جون 2026 کے اختتام تک پاکستان کا مجموعی سرکاری قرض 86.72 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.7 فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی سرکاری قرض کا حجم جی ڈی پی کے تناسب سے 70.6 فیصد سے کم ہوکر 68.3 فیصد رہ گیا۔ ملکی قرض 9 فیصد اضافے کے ساتھ 59.44 ٹریلین روپے جبکہ بیرونی سرکاری قرض 6.8 فیصد اضافے سے 98.075 ارب ڈالر ہوگیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق جون 2026 تک مجموعی سرکاری قرض 312 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال کے دوران سودی اخراجات میں 22 فیصد کمی ہوئی اور یہ 6.948 ٹریلین روپے رہے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی مالیاتی خسارہ 7.089 ٹریلین روپے سے کم ہوکر 4.763 ٹریلین روپے رہ گیا، جبکہ وفاقی بنیادی سرپلس 1.798 ٹریلین روپے سے بڑھ کر 2.185 ٹریلین روپے ہوگیا۔ خالص وفاقی آمدنی میں 6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 10.52 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی، جبکہ مجموعی غیر سودی اخراجات میں 2.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔