اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) مالی سال 2025-26 کے پہلے نصف میں پاکستان نے ایک تاریخی مالی سنگِ میل حاصل کیا اور مجموعی آمدن 10 ہزار ارب روپے سے بڑھ گئی۔جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران مجموعی آمدن 10,683.6 ارب روپے رہی جو گزشتہ سہ ماہی میں حاصل ہونے والے 6,199.7 ارب روپے کے مقابلے میں 72 فیصد زیادہ ہے۔اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجہ ٹیکس شعبے کی مضبوط کارکردگی رہی۔ وفاقی ٹیکس آمدن جولائی تا ستمبر 2025 کے 2,884 ارب روپے سے بڑھ کر 6,160.8 ارب روپے تک پہنچ گئی۔سیلز ٹیکس، براہِ راست ٹیکسوں اور کسٹم ڈیوٹی کی مد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیاجو بہتر معاشی سرگرمیوں اور سخت اقدامات کا نتیجہ ہے۔صرف سیلز ٹیکس میں 105 فیصد اضافہ ہوا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنانے میں کامیاب رہی۔