سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے، لاہور کے بعد مری ہمارا دوسرا گھر ، مری کے ساتھ رشتہ لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی:وزیر اعلیٰ کارڈیک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب
مری(خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے، سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں پہلے نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح کر دیا، ساملی سنٹوریم ہسپتال مری میں نواز شریف کارڈیک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد مری ہمارا دوسرا گھر ہے، مری کے ساتھ رشتہ لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ مری سمیت اطراف کے علاقوں میں دل کے علاج کیلئے کوئی سہولت موجود نہیں تھی، دل کی تکلیف ہو جائے تو مریض کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا، مری سے پنڈی پہنچتے پہنچتے مریض بھی دم توڑ دیتا ہے، اس لئے میں نے سوچا کہ یہاں دل کا ہسپتال ہونا چاہیے اور چند ماہ کے اندر اندر کارڈیک سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 1930 کے بعد پہلی مرتبہ ساملی سنٹوریم ہسپتال کی اَپ گریڈیشن کی گئی، اب مری کے عوام کو دل کے علاج کے لئے باہر نہیں جانا پڑے گا، ہم نے صرف اعلانات نہیں عملی اقدامات بھی کئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ مری میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بہت بڑا پراجیکٹ لا رہے ہیں، پچھلے دور میں مری کو صرف جنگلات کاٹنے کیلئے استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے مری کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر کنکریٹ کا شہر بنا دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بہت جلد مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین چلائیں گے جس سے عوام کو سہولت حاصل ہوگی جبکہ جلد گرین بسیں بھی مری پہنچ جائیں گی۔