دریائوں میں گنجائش سے زائد پانی آیا جس کی توقع نہیں تھی، بروقت اقدامات نہ ہوتے تو سیلاب سے تباہی زیادہ ہوتی، اللہ تعالی نے بہت بڑے نقصان سے بچا لیا
سیلابی صورتحال میں انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی،ہمیں اپنے انفرا سٹرکچر ، واٹر سٹوریج اور ڈیمز بنانا چاہئیں:وزیراعلی کی میڈیا سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے دریائوں میں گنجائش سے زائد پانی آیا جس کی توقع نہیں تھی، سیلابی صورتحال میں انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی،، بروقت اقدامات نہ ہوتے تو سیلاب سے تباہی زیادہ ہوتی، اللہ تعالی نے بہت بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ شدید ترین بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال ہے، یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے، بھارت نے اپنے ڈیم بھر جانے سے پانی چھوڑا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمارے 3 دریائوں پر پانی کا شدید دبائو ہے اور ہمارے دریائوں میں گنجائش سے زائد پانی آیا جس کی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی انتظامیہ نے 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے، سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کریں گے، انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی، جن لوگوں نے آبی راستوں میں اپنے گھر بنا لئے ہیں ان کو ہٹائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ نارووال مکمل ڈوبا ہوا ہے، گجرات اور سیالکوٹ میں بری صورتحال ہے تاہم انتظامیہ نے لوگوں کی مدد کی جس پر تمام ڈی سیز ، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں کو شاباش دیتی ہوں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میں نے راوی میں کبھی اتنا پانی نہیں دیکھا، ہمیں اپنے انفرا اسٹرکچر ، واٹر اسٹوریج اور ڈیمز بنانا چاہئیں پانی اللہ کی نعمت ہے، پانی اسٹورکرنے کیلئے لیے اسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کو کہا ہے کہ پروگرام بنا دیں کہ بارش کے پانی کو کیسے ہارویسٹ کرسکتے ہیں، سیلابی پانی کو کس طرح سے اسٹور کرسکتے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے دریائے راوی کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلی مریم نواز نے کشتی میں سوار ہو کر شاہدرہ کے مقام کا جائزہ لیا، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری بھی ہمراہ تھیں، اس موقع پر موجود حکام کی جانب سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو بریفنگ بھی دی گئی۔