فلپائن: زلزلے سے 72 ہلاکتیں، 294 زخمی، ہنگامی حالت نافذ

فلپائن: زلزلے سے 72 ہلاکتیں، 294 زخمی، ہنگامی حالت نافذ

فلپائن کے وسطی جزیرے سیبو میں گزشتہ شب 6.9 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں اب تک 72 افراد ہلاک اور 294 زخمی ہو چکے ہیں۔

 متاثرہ علاقوں میں تباہی کا دائرہ وسیع ہے، خاص طور پر ساحلی شہر بوگو بری طرح متاثر ہوا ہے۔زلزلے کے فوراً بعد پورے صوبائی جزیرے سیبو میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی تھی، تاکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں مؤثر انداز میں کی جا سکیں۔ فلپائنی حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، اور بھاری مشینری بھی استعمال کی جا رہی ہے۔

زلزلے کے بعد اب تک 700 سے زائد آفٹر شاکس محسوس کی جا چکی ہیں، جس سے مقامی شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔مزید برآں، طبی عملہ اور رضاکار زخمیوں کی فوری دیکھ بھال اور متاثرین کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ حکام نے بین الاقوامی امداد طلب کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔