واشنگٹن: امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں واقع اہم جوہری تنصیب سوانا ریور سائٹ کی ایک لیبارٹری میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ توانائی کی سوانا ریور سائٹ انتظامیہ نے بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 39 منٹ پر تنصیب کے اندر ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔ یہ تنصیب جنوبی کیرولائنا میں شہر ایکن کے قریب واقع ہے۔انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد ہنگامی ردعمل کی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
فضائی پابندیاں بھی عائد کردی گئیں
واقعے کے بعد امریکی وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے متعلقہ مقام کے اطراف عارضی فضائی پابندی نافذ کردی۔ ادارے نے اس اقدام کے سلسلے میں امریکی حکومت کے ایک جوہری واقعے کا حوالہ دیا۔تاہم حکام نے واضح کیا کہ متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب آگ لگنے کی وجوہات اور واقعے کی مکمل نوعیت سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
ممکنہ اخراج اور جانی نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہ آسکیں
حکام کی جانب سے تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ آگ کس وجہ سے لگی، آیا کسی جوہری یا خطرناک مادے کا اخراج ہوا یا نہیں، اور اگر ہوا تو اس کی نوعیت اور مقدار کیا تھی۔ اسی طرح کسی شخص کے زخمی ہونے یا جانی نقصان سے متعلق بھی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔اس لیے فی الحال واقعے کو جوہری مواد کے اخراج یا تابکاری پھیلنے کا واقعہ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ حکام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق آگ بجھا دی گئی ہے اور متاثرہ عمارت سے باہر آلودگی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
سوانا ریور سائٹ امریکی دفاعی نظام کے لیے اہم کیوں ہے؟
سوانا ریور سائٹ امریکی محکمہ توانائی کے زیر انتظام ایک اہم تنصیب ہے، جو جنوبی کیرولائنا میں واقع ہے۔ اس کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ مرکز 75 برس سے زائد عرصے سے امریکی فوج کے تزویراتی دفاعی مشن کی معاونت کرتا آ رہا ہے۔