سپیکر کے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کر کے فنانس کمیٹی کو دیدئیے ایازصادق

کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن مل کر فیصلے کر ینگے،  اصلاحات کے ذریعے قومی اسمبلی میں 135 پوسٹیں ختم کردیں،  سالانہ ایک ارب سے زائد کی بچت ہو رہی ہے
 آئندہ ہفتے تمام ارکان قومی اسمبلی کو آئی پیڈ فراہم کردیں گے، جلدارکان  کو بجٹ دستاویزات اور پبلک اکائو نٹس کمیٹی کی رپورٹس آئی پیڈ پر ملیں گی
اسلام  آباد(آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے سپیکر کے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کر کے فنانس کمیٹی کو دے دئیے ہیں، فنانس کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن مل کر فیصلے کریں گے۔ایک انٹرویو میں ایاز صادق نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے قومی اسمبلی میں 135 پوسٹیں ختم کردیں، اصلاحات کے سبب سالانہ ایک ارب روپے سے زائد کی بچت ہو رہی ہے، آئندہ سال سے 400 کروڑ روپے سے زائد کی مزید بچت ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سیکریٹریٹ کو ای پیپر پر منتقل کردیا ہے اب ایوان کو پیپر لیس کرنے کا منصوبہ تیار ہے، آئندہ ہفتے تمام اراکین قومی اسمبلی کو آئی پیڈ فراہم کردیں گے، ارکان اسمبلی کو ایجنڈا، سوالات اور رپورٹس آئی پیڈ پر دستیاب ہوں گے، جلد ارکان پارلیمنٹ کو بجٹ دستاویزات اور پبلک اکائو نٹس کمیٹی کی رپورٹس آئی پیڈ پر ملیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں بائیو میٹرک حاضری کا نظام رائج کردیا ہے، اسمبلی سیکریٹریٹ میں میرٹ پر بھرتیوں اور پروموشن کے لیے پہلی بار قانون سازی کی ہے، گریڈ 1سے 15 تک بھرتیاں باقاعدہ مشتہر ہونے کے بعد فنانس کمیٹی کی منظوری سے ہوں گی، گریڈ 16 اور اس سے اوپر کی بھرتیاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوسکیں گی