سپیکر ایازصادق کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائینگے :عمران خان

ایوان سے اراکین قومی اسمبلی کو اغوا کیا گیا ، ارکان کی تقاریر سنسر کر دی جاتی ہیں 
ملکی تاریخ میں اتناظلم نہیں ہوا جتنا پی ٹی آئی کیساتھ کیا گیا:ایکس سے جاری بیان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی جماعت کو ملک گیر عوامی احتجاج شروع کرنے کا حکم دیا ہے جس کی قیادت جیل سے وہ خود کریں گے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف عدم اعتماد لائے گی،سپیکر کے ہوتے ہوئے ایوان سے اراکین قومی اسمبلی کو اغوا کیا گیا اور پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی تقاریر سنسر کر دی جاتی ہیں۔اتوار کے روز اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم کے( ٹوئٹر اکائونٹ) ایکس سے جاری پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا، پارٹی کے تمام عہدیداران کو پیغام ہے کہ جس میں بھی دبائو برداشت کرنے کی قوت نہیں ہے وہ عہدے سے الگ ہو جائے اور اپنی جگہ انھیں موقع دے جو پریشر برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اس قدر ظلم نہیں ہوا جیسا تحریکِ انصاف کے ساتھ کیا گیا۔ایسے میں ہمارے پاس ملک گیر احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنی جماعت کو پیغام بھیجا ہے کہ ملک گیر عوامی احتجاج کی تیاری کریں جس کی قیادت بطور پارٹی سربراہ جیل سے وہ خود کریں گے۔