حرمین شریفین میں موجود اہل وطن سے درخواست کی وہ اپنے ملک و قوم کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں
ہمیں متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑنی چاہیے ‘بلاتفریق ہر فرد کی مدد کرنی چاہیے:سربراہ جے یو آئی
اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم پیغام دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے وہ جمعہ کے روز نماز جمعہ میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔جاری پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا نماز جمعہ میں ائمہ کرام، خطباء اور عوام خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں تاکہ اللہ تعالیٰ اس قدرتی آفات سے ہمیں محفوظ رکھے اور متاثرین کی مشکلات کا حل نکلے۔انہوں نے حرمین شریفین میں موجود اہل وطن سے درخواست کی کہ وہ اپنے ملک و قوم کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں تاکہ اللہ کی رحمت و برکتیں ہمارے ساتھ ہوں۔مولانا فضل الرحمان نے عوام سے کہا کہ "اپنے تحفظ کو یقینی بنائیں اور جہاں تک ممکن ہو، احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ انسانی جانوں کا نقصان کم سے کم ہو۔انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور انصار کے رضا کاروں سے بھی درخواست کی کہ وہ مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور ریلیف کے کاموں میں بھرپور حصہ لیں۔ ہمیں متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑنی چاہیے اور بلاتفریق ہر فرد کی مدد کرنی چاہیے