صوئے آصل: بیٹوں نے غیرت کے نام پر ماں اور بہن کی جان لے لی

صوئے آصل: بیٹوں نے غیرت کے نام پر ماں اور بہن کی جان لے لی

ویب ڈیسک:لاہور کے نواحی علاقے صوئے آصل میں غیرت کے نام پر بیٹوں نے سفاکی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے اپنی ماں رخسانہ بی بی اور ہمشیرہ کورمشا کو گلے کاٹ کر قتل کر دیا۔

 یہ المناک واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔پولیس ترجمان کے مطابق مقتولہ ماں بیٹی دو ماہ قبل گھر سے لاپتا ہو گئی تھیں، جس پر ان کے خلاف مقدمہ نمبر 2506/25 درج کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ان کی گھر واپسی ہوئی، لیکن بیٹوں نے اس 'بے عزتی' کو برداشت نہ کیا اور غیرت کے نام پر دونوں کو قتل کر دیا۔ملزمان کی شناخت علی حسن، علی زین اور یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق تارڑ اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیا اور ایک گھنٹے کے اندر سفاک ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے خاتون کے شوہر کو بھی حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقتولین کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، اور پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر ایاز حسین کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور مکمل حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔یہ واقعہ پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد، خاص طور پر غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل پر گہرے سوالات اٹھاتا ہے، اور معاشرے میں اس رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔