ویب ڈیسک:سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کی عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دائر درخواستیں باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواستوں کو نمبر لگانے اور آئندہ سماعت پر وکلا کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔سماعت کے دوران شیرافضل مروت کے وکیل نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی نوعیت کے معاملات پر جوڈیشل اعتراضات کا کوئی قانونی جواز نہیں بنتا، لہٰذا انہیں ختم کیا جائے۔ عدالت نے اس استدعا کو تسلیم کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دے دیے۔
عدالت نے مزید کہا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی جیسے اہم اور عوامی مفاد کے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔ کیس کی آئندہ سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ عمران خان اور شیرافضل مروت نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی شفاف تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی تھی، تاہم رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر ابتدائی طور پر درخواستیں واپس کر دی تھیں۔