آبی ذخائر میں پانی کی آمد بڑھ گئی ، مزید تیزی متوقع

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1432 اور منگلا میں 1132 فٹ تک بلند ہوگئی
پانی روکنے سے مستقبل میں خطرناک صورت حال پیدا ہوسکتی،آبی ماہر 
لاہور(خصوصی رپورٹ)ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1432 اور منگلا ڈیم میں 1132 فٹ تک بلند ہوگئی۔آنے والے دنوں میں پانی کی آمد میں مزید تیزی متوقع ہے۔پاک ، بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا اعلان کیے جانے کے بعد سے ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ فلڈ فورڈ کاسٹنگ ڈویڑن کے مطابق تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 63ہزار 2سو کیوسک سے تجاوز کر گئی جبکہ تربیلا سے 52ہزار تین سو کیوسک پانی کا اخراج کیاجارہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ منگلا کے مقام پرپانی کی آمد بڑھ کر 49ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ دریائے چناب میں بھی پانی کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 28ہزار کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں مزید تیزی متوقع ہے کیونکہ برف پگھلنے کے عمل میں مسلسل تیزی آرہی ہے۔ آبی ماہر ڈاکٹر منور حسین کا کہنا تھا پانی روکنے سے مستقبل میں کوئی خطرناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ مستقبل کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمیں ابھی سے اقدامات اْٹھانا ہوں گے اور اِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ بھارت کسی بھی صورت ہمارے پانی پر روک نہ لگا سکے۔