بھارت نے بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کئے جبکہ پہلگام واقعے کا ذمہ دار خود ہے
بھارت کی حکومت اب تک کسی ایک گروپ کا تعین نہیں کر سکی جو اس واقعہ میں ملوث ہو:انٹرویو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے پہلگام واقعے کا ذمہ دار بھارت خود ہے، ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات تھیں پاکستان پر حملہ کیا جائے گا۔عالمی نشریاتی ادارے ’’سی این این‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا بھارت نے بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کئے جبکہ پہلگام واقعے کا ذمہ دار بھارت خود ہے۔بھارت کے پاس کسی قسم کے شواہد موجود نہیں ہیں، ہمارے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ انڈیا پاکستان پر حملہ کرے گا، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ یہ معلومات عالمی برادری سے شیئر کریں۔ پاک فوج بہادر فورس ہے جو وطن عزیز کا دفاع کرنا جانتی ہے، پاکستان کے عوام پرعزم اور اپنے وطن کے لئے متحد ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے اور ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں رہا ہے۔ بھارت کی حکومت اب تک کسی ایک گروپ کا تعین نہیں کر سکی جو اس واقعہ میں ملوث ہو، بھارت کو دنیا کو بتانا ہوگا کہ اس میں کون ملوث ہے، صرف یہ الزام عائد نہیں کیا جا سکتا کہ اس کے پیچھے پاکستان ہے۔ پاکستان نے اس واقعہ پر منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی، پاکستان اپنے دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہم اپنا نکتہ نظر پیش کر رہے ہیں، اس ساری صورتحال میں پاکستان نہ تو جارح ہے اور نہ ہی اشتعال دلانے والا ہے۔