پاکستانی شوبز شخصیات کا آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار

پاکستانی شوبز شخصیات کا آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

فنکاروں مشی خان، نادیہ خان، مایا علی، مدیحہ رضوی، خالد انعم اور دیگر نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔

نادیہ خان نے رمضان ٹرانسمیشن میں کہا کہ یہ مسلمانوں کے لیے ایک مشکل وقت ہے اور مسلم دنیا میں جنگ کا منظر برداشت سے باہر ہے۔
مشی خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ دنیا کے سب سے معتبر شخص کو مارا گیا، لیکن وہ دشمن کے سامنے ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا۔
مایا علی نے لکھا کہ ہیروز کبھی مرتے نہیں، وہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔
گلوکار ثمر جعفری نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے برسوں پر محیط سوال کا جواب دے دیا کہ کوئی حضرت حسین کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔
آیت اللہ علی خامنہ ای 1939 میں ایران کے شہر مشہد میں پیدا ہوئے اور 1989 میں روح اللہ خمینی کے انتقال کے بعد ایران کے سپریم لیڈر مقرر ہوئے۔ انہوں نے ایران کی اہم پالیسیوں، فوجی معاملات اور خارجہ پالیسی میں مرکزی کردار ادا کیا اور مغربی اثر و رسوخ کے خلاف مزاحمت کی قیادت کی۔گزشتہ شب 86 برس کی عمر میں آیت اللہ علی خامنہ ای اپنے دفتر پر فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہو گئے، جس پر دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔