لاہور (کرائم رپورٹر) قومی شاہراہ پر چوہنگ کے قریب لاہور سے پھول نگر جانے والی مسافر وین الیکٹرک پول سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد معمولی زخمی ہو گئے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مکینیکل فالٹ کے باعث پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ مزید طبی سہولیات کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سیکٹر کمانڈر عاطف شہزاد خود موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے اور آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔