جرم کے ذمہ داروں کو نتائج بھگتنا ہوں گے‘ واقعہ تاریخ میں ایک نیا موڑ ثابت ہوگا‘ مسعود پزشکیان
تہران (آئی این پی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کو وہ ایک بڑا جرم سمجھتے ہیں اور اس کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ اسلامی دنیا کی تاریخ میں ایک نیا موڑ ثابت ہوگا۔بیان میں کہا گیا کہ یہ جرم کبھی جواب کے بغیر نہیں رہے گا اور اس کے ذمہ داروں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ صدارتی دفتر نے مزید کہا کہ عوام اور عالمی سطح پر آزاد لوگوں کی حمایت کے ساتھ اس واقعے کے ذمہ داروں کو ان کے اقدامات پر پچھتانا پڑے گا۔ بیان میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے اسے امریکی اور اسرائیلی کارروائی سے جوڑا گیا۔صدر پزشکیان نے ملک بھر میں سات روز کی عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جو پہلے سے اعلان کردہ چالیس روزہ سوگ کے علاوہ ہوگی۔ حکام کے مطابق سوگ اور تعطیل کا مقصد قومی سطح پر اظہارِ یکجہتی ہے۔