وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری میں اضافے، صنعتی ترقی اور مجموعی معاشی بہتری سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی معاشی حکمتِ عملی، اصلاحات اور پالیسی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے صنعتی شعبے کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعتی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے لیے مؤثر اور طویل المدتی پالیسی اقدامات کو ترجیح دی جائے تاکہ معیشت کو مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی، تجارتی اور معاشی شعبوں میں اصلاحات کا مقصد عوامی فلاح اور دیرپا معاشی استحکام ہونا چاہیے۔ انہوں نے متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے اور مستقبل کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر فوری عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں متعارف کرانے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور ماہرین کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشاورت ضروری ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر توانائی اویس لغاری اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف شعبوں میں اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے آئندہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا، جبکہ حکومتی سطح پر پالیسی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔