لاہور میں نجی کوریئر کمپنی کی وین کے ڈرائیور سے مبینہ بدتمیزی اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزام پر ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ کے بعد سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا اور معاملے کی مکمل انکوائری کے لیے ایس پی صدر کو ذمہ داری سونپ دی۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید محکمانہ کارروائی کی جائے گی، اور شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس میں نظم و ضبط اور عوامی احترام اولین ترجیح ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ذرائع کے مطابق شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹریفک وارڈن نے اسے رکنے کا اشارہ دیا جو اسے نظر نہیں آیا، تاہم بعد میں گاڑی روکنے پر صورتحال بگڑ گئی۔ الزام کے مطابق وارڈن نے گاڑی کے اندر سوار ہو کر ڈرائیور سے مبینہ طور پر بدتمیزی اور گالم گلوچ کی، جبکہ موقع پر آن لائن چالان بھی کیا گیا۔حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حتمی فیصلہ انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔