ایران کی فوجی صلاحیتیں جنگ بندی میں مزید مضبوط ہو گئیں: پاسدارانِ انقلاب

ایران کی فوجی صلاحیتیں جنگ بندی میں مزید مضبوط ہو گئیں: پاسدارانِ انقلاب

ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے ترجمان جنرل سردار محبی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ بندی کے دوران ایران کی عسکری اور آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے اور مسلح افواج پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور تیار ہیں۔

انہوں نے ایک گفتگو میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج آج ماضی کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں ہیں اور دفاعی تیاریوں کے لحاظ سے مزید مستحکم ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ کشیدگی کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ ایرانی افواج کے لیے عملی لحاظ سے انتہائی اہم ثابت ہوا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال نے ایرانی افواج کو دشمن کی حکمتِ عملی، صلاحیتوں اور آپریشنل طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع دیا ہے۔جنرل محبی کے مطابق اس دوران حاصل ہونے والے تجربے سے نہ صرف معلومات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ فوجی منصوبہ بندی اور ردعمل کی صلاحیت بھی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مخالف فریق دوبارہ عسکری محاذ پر آیا تو ایران کا ردعمل پہلے سے مختلف اور زیادہ سخت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کسی بھی ممکنہ جنگ کی صورت میں آپریشن کی نوعیت، حکمت عملی اور استعمال ہونے والے ہتھیار بھی مختلف ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ IRGC اور ایرانی مسلح افواج ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔