رنویر سنگھ ’ڈان 3‘ تنازع میں الجھ گئے، معاملہ شدت اختیار کر گیا

رنویر سنگھ ’ڈان 3‘ تنازع میں الجھ گئے، معاملہ شدت اختیار کر گیا

بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ فلم ڈان 3 سے متعلق تنازع کے باعث ایک نئے بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جب کہ فلمی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (FWICE) نے ان کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق FWICE کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رنویر سنگھ کو معاملے پر وضاحت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا، جن میں تین مرتبہ یاددہانی خطوط بھی شامل تھے، تاہم اداکار کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور نہ ہی وہ تنظیم کے سامنے پیش ہوئے۔اس پیش رفت کے بعد رنویر سنگھ کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار فلمی برادری اور ’’ڈان فرنچائز‘‘ سے وابستہ تمام افراد کا بے حد احترام کرتے ہیں، تاہم انہوں نے اس معاملے پر عوامی سطح پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایسے حساس اور پیشہ ورانہ معاملات کو میڈیا کے بجائے باہمی احترام اور نجی سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ رنویر سنگھ حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی مختلف قیاس آرائیوں اور افواہوں کے باوجود خاموش رہے ہیں اور ان کی مکمل توجہ اپنے جاری اور آئندہ فلمی منصوبوں پر مرکوز ہے۔دوسری جانب FWICE کی ہدایت کے بعد ’’ڈان 3‘‘ سے متعلق تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور فلمی حلقوں میں اس معاملے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ تنازع کس رخ اختیار کرتا ہے۔