راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کی بیرونِ ملک سفر کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کا نام وفاقی حکومت کی کابینہ کی منظوری سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل کیا گیا ہے، اور کابینہ کے فیصلے کی موجودگی میں عدالت کے حکم سے اس نام کو فہرست سے نکالنا ممکن نہیں۔پراسیکیوشن نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ انسدادِ دہشت گردی قانون کے تحت عدالت پہلے ہی ملزم کا پاسپورٹ ضبط کر چکی ہے، جبکہ درخواست گزار کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کا چالان بھی عدالت میں جمع ہو چکا ہے۔دوسری جانب شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے یہ کیس متعلقہ اے ٹی سی عدالت کو بھجوایا ہے، لہٰذا عدالت صرف پاسپورٹ کی ریلیز سے متعلق فیصلہ کرے، جبکہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے گا۔
پراسیکیوشن نے عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کیس سے متعلق کچھ دستاویزات حاصل کرنا ضروری ہیں۔دلائل سننے کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو آئندہ سماعت پر سنائے جانے کا امکان ہے۔