اداکارہ کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں متعدد بار خطرناک اسٹاکنگ (تعاقب) کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان کے لیے لوگوں پر اعتماد کرنا مشکل ہو گیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بیرونِ ملک موجود ایک جنونی مداح نے ان کی نجی زندگی تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی اور یہاں تک کہ ان کے گھر کے بعض ملازمین کو پیسے دے کر اپنے ساتھ ملا لیا۔ ان کے مطابق گھر کا وہ عملہ، جو کئی سال سے ان کے ساتھ کام کر رہا تھا، بعد میں ان کی ذاتی معلومات، تصاویر اور حتیٰ کہ ادویات سے متعلق تفصیلات بھی خفیہ طور پر اس شخص کو بھیجتا رہا۔کنزہ ہاشمی نے کہا کہ جب انہیں اس بات کا علم ہوا تو وہ شدید ذہنی صدمے کا شکار ہو گئیں، اور اس واقعے کے بعد ان کے لیے دوسروں پر اعتماد کرنا مزید مشکل ہو گیا۔
انہوں نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایک اور اسٹاکر ان کے ڈرامے کے سیٹ تک پہنچ گیا اور بعد میں ان کے گھر تک بھی آ گیا، تاہم درست اپارٹمنٹ نمبر معلوم نہ ہونے کے باعث وہ ان تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے انہیں سیٹ پر موجود عملے کی مدد حاصل کرنا پڑی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز شخصیات کو اکثر اس قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ایسے معاملات میں قانونی کارروائی یا باقاعدہ شکایت درج کرانا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے متاثرہ افراد خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں۔