لندن: ماہرہ خان کو فلم کی پروموشن کے دوران ہراسانی کا سامنا، سیکیورٹی انتظامات ناکام

لندن: ماہرہ خان کو فلم کی پروموشن کے دوران ہراسانی کا سامنا، سیکیورٹی انتظامات ناکام

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کو لندن میں اپنی نئی فلم "لو گرو" کی پروموشن کے دوران افسوسناک واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔

 اداکارہ کو مداحوں کے ایک بڑے ہجوم نے گھیر لیا، جس کے باعث انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں اور شوبز انڈسٹری سمیت عوامی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ماہرہ خان اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن کے ایل فورڈ ٹاؤن میں فلم کی پروموشنل تقریب میں شریک تھیں۔ اس دوران شائقین کی بڑی تعداد ان سے ملنے کے لیے جمع ہوگئی، لیکن وہاں موجود سیکیورٹی اہلکار ہجوم کو قابو میں رکھنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان کو ایک اسٹور میں داخل ہوتے وقت مداحوں کے ہجوم نے گھیر لیا، جہاں کچھ افراد نے انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی۔ ویڈیو میں ماہرہ خان کو واضح طور پر پریشان، نالاں اور بےچین دیکھا گیا۔

اس واقعے کے بعد ماہرہ خان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر افسوس اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور پروموشن آرگنائزرز سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ اتنی بڑی تقریب میں اداکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟ابھی تک ماہرہ خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم عوام اور میڈیا کی جانب سے ان کے تحفظ اور عزتِ نفس کے حق میں آواز بلند کی جا رہی ہے۔