36 سالہ کاشف موقع پر ہی دم توڑ گیا، مجاہد ، امانت زخمی ، ہسپتال منتقل
لاہور(کرائم رپورٹر)اقبال ٹاؤن کے علاقے مون مارکیٹ میں واقع ایل ڈی اے پلازہ کی بیسمنٹ میں پارکنگ کی دیوار گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ مجاہد اور 30 سالہ امانت کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ 36 سالہ کاشف موقع پر ہی دم توڑ گیاجاں بحق شخص کی لاش بھی ضروری کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پلازہ کی بیسمنٹ میں قائم پارکنگ ایریا کی دیوار اچانک منہدم ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔