وقوعہ ڈی ایچ اے فیز سیون میں پیش آیا،43سالہ رمضان دم توڑ گیا، ریاض ، ندیم ہسپتال منتقل
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی ایچ اے فیز 7 میں زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ڈی ایچ اے فیز 7 کے معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے عقب میں پیش آیا، جہاں گھر کی بنیاد کیلئے دیوار تعمیر کی جا رہی تھی کہ اچانک گر گئی اور 3 افراد ملبے تلے دب گئے جس کے نتیجہ میں 43 سالہ رمضان جاں بحق ہو گیا جبکہ 50 سالہ ریاض اور 42 سالہ ندیم زخمی ہوگئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے لاش اور زخمیوں کو نکال لیا، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ متوفی کی لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔