چڑیا گھر اور سفاری زو جانوروں کی در آمد میں تاخیر

جانوروں میں 12 زرافے، جن ، 3 گینڈے ایک نر دریائی گھوڑا شامل ہیں، وائلڈ لائف کو کلیئرنس نہ مل سکی 
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور چڑیا گھر اور سفاری زو کے لئے جنوبی افریقہ سے زرافے، گینڈا اور دریائی گھوڑے کی در آمد کو اینیمل کورنٹائن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث پنجاب وائلڈ لائف کو ایک بار پھر مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سے قبل ہاتھیوں کی در آمد کا منصوبہ بھی پہلے ہی تعطل کا شکار ہے اور اب دیگر بڑے جانوروں کی آمد بھی غیر یقینی ہوچکی ہے۔ دوسری طرف پنجاب وائلڈ لائف حکام پرامید ہیں کہ یہ جانور جلد پاکستان لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔رپورٹ کے مطابق لاہور چڑیا گھر اور سفاری زو کیلئے اندرون اور بیرون ملک سے کئی جانور اور پرندے خریدے جاچکے ہیں تاہم ابھی تک کئی بڑے جانوروں کی در آمد تاخیر کا شکار ہے۔ جن میں 12 زرافے، جن میں سے 9 لاہور سفاری زو اور تین لاہور چڑیا گھر کیلئے، تین گینڈے ایک لاہور چڑیا گھر اور ایک جوڑا لاہور سفاری زو کیلئے جبکہ ایک نر دریائی گھوڑا لاہور چڑیاگھر کیلئے اہم ہیں۔ری ویپنگ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مدثر حسن نے بتایا وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے ہاتھیوں کے علاوہ دیگر جانوروں کیلئے این او سی مل چکا ہے لیکن اینیمل کورنٹائن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ان جانوروں کو جنوبی افریقہ سے در آمد کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ کورنٹائن ڈپارٹمنٹ کے حکام نے پنجاب وائلڈ لائف کو مشورہ دیا ہے کہ یہ جانور کسی دوسرے ملک سے در آمد کرلیں۔جہاں ایف ایم ڈی کی وبا نہیں ہے۔