فیکٹری میں نوجوان سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق

شاہپور کا 26سالہ امجد گوندل فیکٹری کے فرش پر سورہاتھا،سانپ نے کاٹ لیا
حالت بگڑنے پر ہسپتال لے جایا گیا جانبر نہ ہوسکا،موت کی خبر پر گھر میں کہرام
شاہپور صدر (خصوصی رپورٹ )شاہپور کے قصبہ جلال پور جاگیر کا رہائشی 26سالہ نوجوان سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق ہو گیا، امجد گوندل لاہور میں کپڑے کی فیکٹری میں کام کرتا تھا، ڈیوٹی سے فارغ ہوکر فیکٹری میں ہی زمین پر سوگیا اس دوران اس کو سانپ نے ڈس لیا ،رات چار بجے کے قریب حالت بگڑنے پر اس نے اپنے ساتھی کو جگایا اور کہا کہ مجھے شدید گھبراہٹ ہورہی ہے جس پر اس کے ساتھی نے ریسکیو 1122کو کال کی ، جنرل ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا ، ڈاکٹرز کے مطابق سانپ کا زہر امجد گوندل کے جسم میں پھیل چکا تھا، گھر میں موت کی خبر ملتے ہی کہرام برپا ہوگئی ،آبائی قبرستان جلال پور جاگیر میں سپرد خاک کردیا گیا۔