باغ جناح :کتے کے کاٹنے سے گارڈ زخمی

لاہور (سٹاف رپورٹر سے)باغِ جناح موجود ایک آوارہ کتے نے پی ایچ اے کے ہی سکیورٹی گارڈ پر حملہ کر دیا اور ہاتھ کو شدید زخمی کر دیا۔واقعہ کے فوراً بعد پارک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق باغ جناح میں گزشتہ رات ہی دو آوارہ کتوں کو مارا گیا، جبکہ صبح کے وقت ایک اور کتا ہلاک کیا گیا۔ واقعہ کے بعد پارک کو مکمل طور پر بند رکھا گیا، تاہم کچھ دیر بعدباغ جناح کو دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔پارک میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے اور متعلقہ ادارہ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ان کتوں کے خلاف کوئی موٓثر کارروائی نہیں کر رہا۔ باغ جناح جیسے بڑے پارک میں آوارہ کتوں کی موجودگی نہ صرف انتظامیہ کی غفلت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔یہ واقعہ عید سے محض چند روز قبل پیش آیا ہے، جب لاہور سمیت دیگر شہروں سے ہزاروں سیاح باغ جناح کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے میں یہ صورتحال سکیورٹی اداروں اور متعلقہ اتھارٹی کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے فوری طور پر پارک کو محفوظ بنانے، آوارہ کتوں کا خاتمہ کرنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔