میلبرن: آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
36 سالہ میکسویل اب صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے اور امکان ہے کہ وہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک دستیاب رہیں گے۔میکسویل نے "فائنل ورڈ پوڈکاسٹ" میں بتایا کہ 50 اوور کی کرکٹ میں جسمانی تھکن اور 2022 میں لگنے والی شدید ٹانگ کی چوٹ ان کے فیصلے کی بڑی وجوہات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محسوس کر رہے تھے کہ ان کی جسمانی حالت ٹیم کو نقصان پہنچا رہی ہے اور بہتر ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو تیاری کا موقع دیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف چند سیریز کے لیے اپنی جگہ پر قابض رہ کر خود غرضی نہیں دکھانا چاہتے تھے بلکہ کھیلنے کے قابل ہونے پر ہی ٹیم کا حصہ بننا چاہتے تھے۔
گلین میکسویل نے 149 ون ڈے میچز میں 3,990 رنز بنائے اور 77 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 126.70 ہے جو 2000 سے زائد رنز بنانے والے بیٹرز میں دنیا کا دوسرا سب سے بلند ترین ہے۔ان کی سب سے یادگار اننگز 2023 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف تھی، جب انہوں نے ایک ٹانگ پر کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 201 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو 91-7 کے خطرناک مقام سے جیت دلائی۔ یہ اننگز نہ صرف آسٹریلیا کی پہلی ون ڈے ڈبل سنچری تھی بلکہ کسی بھی تعاقب میں بنی پہلی ڈبل سنچری بھی تھی۔