مولانا جس کرپشن کی بات کر رہے یہ اس وقت حکومت کا حصہ تھے: بیرسٹر سیف

پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور باقی تانگہ پارٹیاں، شوق سے تحریک چلائیں، مشیر اطلاعات کے پی
پشاور(آئی این پی ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان جس کرپشن کی بات کر رہے ہیں اس وقت یہ خود نگران حکومت کا حصہ تھے اور ہم نے 20 ارب روپے ان ہی کے لوگوں سے ریکور کیے ہیں۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ہمارے اخلاق اور کردار سے ہماری پہچان ہوتی ہے، سکھ مذہب میں تعلیمات انسانیت سے محبت اور اخلاق کا درس ملتا ہے، ہندو مذہب میں بھی اخلاق پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے، حضرت عیسی علیہ سلام کی تعلیمات سوائے محبت کے کسی پر زور نہیں دیتیں، اسلام کی تعلیمات کا نچوڑ ہی محبت، اخلاق اور بھائی چارہ ہے۔بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا نوجوان اپنی صلاحیتیں انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کریں، اخلاق کی بنا پر ہم سب ایک ہیں، کوئی اقلیت و اکثریت نہیں ہے، ہم سب میں بہتر وہ ہے جو انسانیت کے لیے کچھ کرے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور باقی تانگہ پارٹیاں ضرور تحریک چلائیں، شوق سے تحریک چلائیں لیکن عوام کو ساتھ لیکر آئیں، ایسے ہتھکنڈوں سے بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت ختم نہیں ہو گی۔ان کا کہنا ہے کہ ہم تحریک بھی چلائیں گے، عوام کو شعور بھی دیں گے، عوام کو شعور دیں گے کہ حقیقی آزادی سے ان کو کوئی نہیں روک سکتا۔