اقدام ایک قابض قوت کے طور پر اسرائیل پر عائد ذمہ داریوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے،عرب وزراء کی مذمت
مقبوضہ بیت المقدس،عمان (آئی این )اسرائیل نے مصر، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو فلسطینی صدر کی دعوت پر مغربی کنارے کا دورہ کرنے سے روک دیا ۔عرب وزرا نے اسرائیل کی جانب سے عرب وفد کے رام اللہ کے دورے اور فلسطینی حکام کے ساتھ ملاقات سے روکنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ایک قابض قوت کے طور پر اسرائیل پر عائد ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔عرب وزرائے خارجہ کا اتوار کو فلسطینی اتھارٹی کے صدر دفتر رام اللہ کا دورہ شیڈول تھا تاہم اسرائیل نے مصر، اردن، سعودی عرب اور یو اے ای کے وزرائے خارجہ کو روک دیا کہ فلسطینی انتظامی دارالحکومت رام اللہ میں ہونے والے مجوزہ اجلاس کی اجازت نہیں دے سکتے۔