حکومت معاشی ترقی کے ثمرات شہریوں تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے:وزیرخزانہ

اپسوس سروے نتائج پاکستان کی درست معاشی سمت کا بروقت ثبوت اور واضح اشارہ ہیں،سینیٹر محمد اورنگزیب
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میکرو اکنامک استحکام کو برقرا ر، ساختی اصلاحا ت میں تیزی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ معاشی ترقی کے ثمرات تمام شہریوں تک یکساں طور پر پہنچیں، آئی پی ایس او ایس( اپسوس) سروے کے نتائج پاکستان کی درست معاشی سمت کا بروقت ثبوت اور اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ ملک پائیدار بحالی اور مضبوطی کی راہ پر گامزن ہے۔جاری بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے آئی پی ایس او ایس (اپسوس)  کے دوسری سہ ماہی 2025 کے صارف اعتماد سروے کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے اور ان نتائج کو پاکستان میں بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور عوامی رجحانات کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔سروے کے مطابق صارفین کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور اب 42 فیصد پاکستانی یہ یقین اور اعتماد رکھتے ہیں کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے جو کہ گزشتہ چھ سال کے دوران بلند ترین سطح ہے۔ سروے کے مطابق معیشت کو مستحکم تصور کرنے والوں کی شرح بھی اگست 2019 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صارف اعتماد کی نگرانی کے آغاز سے لے کر اب تک امید پسندی نے مایوسی پر سبقت حاصل کر لی ہے، جو عوامی سوچ میں اہم مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔وزیرِ خزانہ نے سروے کے نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج گزشتہ 14 ماہ میں حکومت کی مربوط اور ذمہ دارانہ معاشی حکمتِ عملی کی کامیابی کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے، زرِ مبادلہ کی شرحِ تبادلہ کو مستحکم کرنے، زرمبادلہ کے ذخائر کو بحال کرنے اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے جیسے اہم اقدامات سے عوام کے اعتماد کی بحالی اور معاشی بحالی کے لیے بنیاد فراہم کی ہے۔وزیر خزانہ نے یہ بھی واضح کیا کہ بڑے حجم کی خریداریوں اور سرمایہ کاری کے حوالے سے صارفین کے اعتماد میں بھی پچھلے سال کی نسبت دوگنا اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اب گھرانے اپنی مالی حالت کے بارے میں پہلے سے زیادہ پراعتماد ہیں۔