پاکستان کے خلاف پانی کو ہتھیار نہ بنا ئو: وکٹر گائو کی بھارت کو وارننگ

چین دریا کے بالائی حصے پر ہے، بھارت نے پاکستان کیلئے پانی روکا تو چین خاموش نہیں رہے گا، چینی سینئر تجزیہ کار
بیجنگ (آئی این پی )چین کے سینئر تجزیہ کار وکٹر گائو نے بھارت کو کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف پانی کو ہتھیار نہ بنائے ۔ رپورٹ کے مطابق چین کے سینئر تجزیہ کار وکٹر گاو نے بھارتی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں مودی سرکار کے ممکنہ آبی اقدامات پر شدید ردعمل دے دیا۔انہوں نے کہا کہ چین دریا کے بالائی حصے پر ہے، اور اگر بھارت نے نیچے والوں(پاکستان)  کے لئے پانی روکا، تو چین خاموش نہیں رہے گا، پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو چین اپنی اتحادی سالمیت پر حملہ سمجھے گا۔بھارت دریا کے درمیانی حصے میں ہے، اسے خود سوچنا چاہیے کہ اگر نیچے والوں کے ساتھ زیادتی کرے گا، تو اوپر والا (چین ) کیا کرے گا؟ " ۔وکٹر گائو نے کہا کہ چین پاکستان کی سالمیت، خودمختاری، اور قدرتی حقوق کے مکمل تحفظ کا حامی ہے، بھارت اور پاکستان کے درمیان سندھ طاس معاہدہ موجود ہے، اس کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی پامالی ہوگی۔وکٹر گائو نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی آئرن کلاڈ ہے، ہم پاکستان کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔