چین امریکا تعلقات میں پاکستان نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا: پروفیسر وکٹر گا

  آزاد بلوچستان ہمیشہ خواب ہی رہے گا،علیحدگی پسند اور دہشت گردانہ تحریکیں ناکام ہونے والی ہیں
پاکستان جدید تاریخ کے سب سے بڑے گیم چینجر واقعات میں سے ایک ہے،چینی ماہر کا ویبنارسے خطاب 
اسلام آباد(اے ایف بی ) بین الاقوامی تعلقات کے چینی ماہر پروفیسر وکٹر گا نے کہا ہے کہ چین اور امریکا کو چین امریکا تعلقات کی بنیاد رکھنے پر ہمیشہ پاکستان کا شکرگزار رہنا چاہیے جو کہ جدید تاریخ کے سب سے بڑے گیم چینجر واقعات میں سے ایک ہے۔ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی تعلقات کے چینی ماہر پروفیسر وکٹر گا نے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ایک ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے مکمل طور پر مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ممالک کو اکٹھا کرکے انسانیت کی بہترین خدمت کی ہے جس سے ترقی اور امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ پروفیسر وکٹر گا نے کہا کہ چین کے لیے پاکستان سے زیادہ کوئی دوسرا ملک اہم نہیں ہے، پاکستان چین کے بین الاقوامی تعلقات میں ایک خاص مقام رکھتا ہے، چین پاکستان کو آئرن برادر سمجھتا ہے، حالات کچھ بھی ہوں، چین ہمیشہ پاکستان کے جائز مفادات اور خودمختاری کے تحفظ میں مدد کے لیے آگے آئے گا، چین نے ماضی میں اس کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے،پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بھی اس کی ایک مثال ہے، چین پاکستان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا۔پروفیسر وکٹر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے دشمن ملک کو اس کو غیر مستحکم کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، علیحدگی پسند اور دہشت گردانہ تحریکیں ناکام ہونے والی ہیں، آزاد بلوچستان کا خواب ہمیشہ خواب ہی رہے گا، بلوچستان کبھی بھی الگ یا آزاد نہیں ہوگا، چاہے پاکستان کے دشمن، علیحدگی پسند، یا دہشت گرد جو بھی منصوبہ بندی کریں۔