باغبانپورہ اسکول حادثہ: وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوٹس، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

باغبانپورہ اسکول حادثہ: وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوٹس، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باغبانپورہ میں نجی اسکول میں قائم سمر کیمپ کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے حادثے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات بلا تاخیر فراہم کی جائیں۔مریم نواز شریف نے ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد بچوں کو ملبے سے بحفاظت نکالنے پر انہیں شاباش دی اور کہا کہ امدادی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ اگر کوئی شخص ملبے تلے موجود ہو تو اسے فوری طور پر بحفاظت نکالا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی سستی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حادثے کی وجوہات کا جامع تعین کیا جائے اور اگر تعمیراتی غفلت، ناقص میٹریل یا حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے اس افسوسناک واقعے کے تناظر میں صوبہ بھر میں گنجان آباد علاقوں میں قائم نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا فوری سیفٹی آڈٹ کرانے کا بھی حکم دیا تاکہ خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں کی نشاندہی کرکے بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں اور مستقبل میں اس نوعیت کے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ باغبانپورہ کے علاقے ویمن کالج روڈ کے قریب قائم ایک نجی اسکول میں سمر کیمپ کے دوران زیرِ تعمیر حصے کی دیوار اور چھت کا ایک حصہ اچانک گر گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ متعدد بچے اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔