راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی شادی شدہ لڑکی سدرہ بی بی قتل کیس میں عدالت نے گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے کیس میں گرفتار تمام 6 ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی، تاہم وکلائے صفائی نے مسلسل تیسری بار جسمانی ریمانڈ کی سخت مخالفت کی۔
پولیس کا مؤقف
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے آلہ قتل (تکیہ) اور لاش لے جانے والا لوڈر رکشہ برآمد کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ملزمان بہت چالاک ہیں اور مطلوبہ شواہد پولیس کے حوالے نہیں کر رہے"۔
وکیل صفائی کا مؤقف
دوسری جانب وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس ہر بار ایک ہی پرانا مؤقف دہرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "لوڈر رکشہ پہلے ہی پولیس کے قبضے میں ہے اور سرخ رنگ کا رکشہ پولیس ملزمان کے گھر سے لے گئی تھی، اسی طرح تکیہ بھی پولیس پہلے دن لے چکی ہے۔"وکیل صفائی نے مزید کہا کہ اگر یہ اشیاء ہی بہانہ ہیں تو صرف شوہر اور رکشہ مالک کا ریمانڈ لیا جا سکتا ہے، جبکہ باقی 4 ملزمان سے کچھ برآمد نہیں ہونا، انہیں جیل بھیج دیا جائے۔
عدالت کا فیصلہ محفوظ
دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی سول جج شمع یاسین نے کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔