لاہور سمیت صوبے بھر سے 35 ہزار 719 غیر ملکی باشندے ڈی پورٹ

لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں، خصوصاً افغان شہریوں، کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 35 ہزار 719 غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے، جبکہ 72 غیر قانونی مقیم افراد اس وقت مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 14 ہزار سے زائد مرد، 7 ہزار 138 خواتین اور 14 ہزار 529 بچے شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 11 ہزار 47 افراد رہائشی ثبوت  رکھنے والے، 11 ہزار 135 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 13 ہزار 537 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے اور غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی باشندوں کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل پر عملدرآمد کر رہی ہے، جبکہ اس دوران انسانی وقار اور قانونی تقاضوں کا بھی مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔