نیو اعظم کلاتھ مارکیٹ : گودام میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

سرچ آپریشن کے دوران 35 سالہ وسیم  بے ہوشی کی حالت میں ملا ،ہسپتال میں چل بسا،تحقیقات جاری
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے شیرانوالہ گیٹ کے قریب نیو اعظم کلاتھ مارکیٹ میں واقع ایم زیڈ پلازہ کی چوتھی منزل پر قائم کپڑے کے گودام میں بدھ کی شام اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی متعدد ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے آپریشن میں 7 فائر وہیکلز، 2 ریسکیو وہیکلز، 2 اسپیشلائزڈ ریسکیو وہیکلز، ایک ایمبولینس، 2 موٹر بائیکس اور 45 ریسکیورز نے حصہ لیا۔ ریسکیو آپریشن کی نگرانی ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد چوہدری نے کی۔فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل اور سیکنڈری سرچ جاری رہی۔ سرچ کے دوران ایک شخص بے ہوشی کی حالت میں ملا جسے فوری طور پر سی پی آر دیتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں اس کی شناخت 35 سالہ وسیم کے نام سے ہوئی، جو جاں بحق ہو چکا تھاریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔