لاہور(کرائم رپورٹر)شاہ عالم مارکیٹ گودام میں آتشزدگی ریسکیو1122 کا بروقت رسپانس آگ پر قابو پاکر کروڑوں روپے مالیت سامان سے بھرے دیگر 12گوداموں کو بھی آگ کی نذر آتش ہونے سے بچا لیاتفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایمرجنسی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور کودوپہر 12 بجکر 23 منٹ پر کال موصول ہوئی جس میں کالر نے بتایا کہ شاہ عالم مارکیٹ کے ایک پلازہ میں واقع گودام میں آگ لگی ہے۔ریسکیورز چند منٹوں میں جائے حادثہ پر پہنچے اور اپنی پیشہ وارانہ تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے دو سیکٹرز سے فائر فائٹنگ شروع کی اور 40 منٹ کی مسلسل فائر فائٹنگ کے بعد نہ صرف آگ پر قابو پایا بلکہ 4 مرلہ پر مشتمل اس گودام سے ملحقہ دیگر 12 گوداموں کو جن میں کروڑوں روپئے مالیت کا سامان موجود تھا کو بھی آگ کی نذر ہونے سے بچا لیا۔مذکورہ گودام پلازہ کی پہلی منزل پر واقع تھا۔ جس میں فرنیچر، بجلی کی تاریں اور گتہ وغیرہ رکھا ہوا تھا۔ موقع پر موجود صدر انجمن تاجران و دیگر نے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہا۔ اس فائر ریسکیو آپریشن میں ریسکیو1122 کی 4 فائر وہیکلز، 1 ایریل پلیٹ فارم وہیکل، 1 واٹر بائزر، 3 ریسکیو وہیکلز، 1 ریسکیو ایمرجنسی ایمبولینس اور 4 موٹربائک ایمبولینسز نے حصہ لیا۔