لاہور کے علاقے برکت ٹاؤن شاہدرہ میں خاندانی رنجش کے باعث پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک کم سن بچی بھی شامل ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، واقعہ پرانی خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جس میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے متعدد افراد کو نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ متاثرین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاقے میں پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ مزید کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔