لاہور (ویب ڈیسک): لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک کم عمر بچہ زخمی ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار نے سڑک پار کرتی خاتون اور بچے کو زور دار ٹکر ماری۔ حادثے کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی، جبکہ ڈرائیور کار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ریسکیو 1122 کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ بچہ زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کی پولیس نے حادثے کے شواہد اکٹھے کر کے فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کے ذمہ دار کو گرفتار کیا جا سکے۔