جون میں دہشتگردی ،53جوانوں سمیت 94 افراد شہید

78دہشتگرد حملوں میں 189زخمی،6عسکریت پسندبھی مارے گئے
سکیورٹی فورسز کی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں 71شدت پسند ہلاک
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نجی تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (پکس)نے ماہانہ سکیورٹی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں ملک میں دہشت گردی کے 78 حملے ہوئے جن میں 94 افراد شہید ہوگئے، رپورٹ کے مطابق جون میں دہشت گردی کے حملوں میں سکیورٹی فورسز کے 53 جوان، 39 شہری جبکہ امن کمیٹی کے 2 ارکان شہید ہوئے جبکہ ان حملوں میں 189 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 126 اہلکار اور 26 شہری شامل ہیں، جون میں دہشتگردی کے واقعات میں 6 عسکریت پسند بھی مارے گئے۔رپورٹ کے مطابق جون میں پاکستانی سکیورٹی فورسز انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی لائیں، ریاست کی جانب سے کیے گئے آپریشنز میں 71 شدت پسند مارے گئے جبکہ 2 سکیورٹی اہلکار اور 2 شہری بھی جان کی بازی ہار گئے۔ان کارروائیوں میں 10 شدت پسند اور 5 شہری زخمی ہوئے، جبکہ 52 مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں اکثریت کا تعلق خیبر پختونخوا کے مرکزی علاقوں سے تھا۔جون کے مہینے میں شدت پسندانہ حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے باعث مجموعی جانی نقصان 175 اموات تک جا پہنچا، جن میں 55 سکیورٹی اہلکار، 77 شدت پسند، 41 شہری اور 2 امن کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون پاکستان میں دہشتگردی کے 502 حملے ہوئے جن میں 737 لوگ جاں بحق ہوئے جن میں سکیورٹی فورسز کے 284 جوان جبکہ 273 شہری شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون کے دوران انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں 688 دہشت گرد مارے گئے۔