پاکستان اور بھارت میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

 پاکستان میں 246 قیدی ، 53 عام شہری ، 193 ماہی گیر شامل 
ٓ بھارت میں 463 پابندسلاسل ، 382 شہری ، 81 ماہی گیر 

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا باقاعدہ تبادلہ ہو گیا ۔ وزارت خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے 246 بھارتی قیدیوں (53 شہری قیدیوں اور 193 ماہی گیروں)کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی حکومت نے پاکستانی قیدیوں (382 سویلین قیدیوں اور 81 ماہی گیروں) کی فہرست نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے ایک سفارت کار کے ساتھ شیئر کی۔ بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے ان تمام پاکستانی قیدیوں اور ماہی گیروں کی فوری رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے اپنی متعلقہ سزا پوری کرلی ہے اور جن کی قومی حیثیت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تمام پاکستانی قیدیوں کیلئے خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان انسانی ہمدردی کے معاملات کو ترجیح کے طور پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور وہ بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کی جلد واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستیں فراہم کرنے کے پابند ہیں۔